فلسفہِ خودی اور دورِ جدید

 فلسفہِ خودی اور دورِ جدید :  کیا ہم اپنی اصل حقیقت بھول چکے ہیں؟

علامہ محمد اقبال کا “تصورِ خودی” محض ایک فلسفیانہ اصطلاح نہیں بلکہ ایک زندہ  وجاوید پیغام ہے جو انسان کو مٹی کے ڈھیر سے اٹھا کر ستاروں پر کمند ڈالنے کا حوصلہ دیتا ہے۔ اقبال کے نزدیک خودی انسانی وجود کا وہ جوہر ہے جو اسے کائنات کی تمام مخلوقات میں ممتاز کرتا ہے۔ آج کے اس مادی اور افراتفری کے دور میں اقبال کا یہ فلسفہ پہلے سے کہیں زیادہ معتبر اور ضروری ہو چکا ہے کیوں کہ یہ انسان کو اپنی کھوئی ہوئی پہچان واپس دلانے کا واحد راستہ ہے۔

خودی کا مفہوم: تکبر نہیں، خود شناسی

عام طور پر خودی کا مطلب غرور یا انا لیا جاتا ہے، لیکن اقبال کی فکر میں یہ اس کے بالکل برعکس ہے۔ اقبال کے ہاں خودی کا مطلب ہے اپنی اصل کو پہچاننا، اپنی چھپی ہوئی روحانی اور تخلیقی صلاحیتوں کا شعور حاصل کرنا اور اپنے نفس پر قابو پانا۔ یہ وہ شعور ہے جس کے ذریعے انسان یہ جان لیتا ہے کہ وہ اللہ کا بہترین شاہ کار ہے اور اس کی تخلیق کا ایک عظیم مقصد ہے۔ اقبال اس خودی کو ایک ایسی طاقت قرار دیتے ہیں جو اگر بیدار ہو جائے تو تقدیر بدلنے کی قوت رکھتی ہے۔ خودی کے مفہوم کو واضح کرنے کے لیے اقبال کے درج ذیل اشعار ملاحظہ کیجئے:۔

خودی کی جلوَتوں میں مُصطفائی
خودی کی خلوَتوں میں کبریائی
زمین و آسمان و کُرسی و عرش
خودی کی زد میں ہے ساری خُدائی!

خودی کیا ہے، رازِ درُونِ حیات
خودی کیا ہے، بیداریِ کائنات

خودی جلوہ بدمست و خلوَت پسند
سمندر ہے اک بُوند پانی میں بند

اندھیرے اُجالے میں ہے تابناک
من و تُو میں پیدا، من و تُو سے پاک

ازل اس کے پیچھے، اَبد سامنے
نہ حد اس کے پیچھے، نہ حد سامنے

زمانے کے دریا میں بہتی ہوئی
سِتم اس کی موجوں کے سہتی ہوئی

تجسّس کی راہیں بدلتی ہوئی
دمادم نگاہیں بدلتی ہوئی

سبک اس کے ہاتھوں میں سنگِ گراں
پہاڑ اس کی ضربوں سے ریگِ رواں

سفر اس کا انجام و آغاز ہے
یہی اس کی تقویم کا راز ہے

کِرن چاند میں ہے، شرر سنگ میں
یہ بے رنگ ہے ڈُوب کر رنگ میں

اسے واسطہ کیا کم و بیش سے
نشیب و فرازوپس و پیش سے

اَزل سے ہے یہ کشمکش میں اسِیر
ہُوئی خاکِ آدم میں صُورت پذیر

خودی کا نشیمن ترے دل میں ہے
فلک جس طرح آنکھ کے تِل میں ہے

خودی کے نِگہباں کو ہے زہرِ ناب
وہ ناں جس سے جاتی رہے اس کی آب

وہی ناں ہے اس کے لیے ارجمند
رہے جس سے دُنیا میں گردن بلند

فرو فالِ محمود سے درگزر
خودی کو نِگہ رکھ، ایازی نہ کر

وہی سجدہ ہے لائقِ اہتمام
کہ ہو جس سے ہر سجدہ تجھ پر حرام

یہ عالم، یہ ہنگامۂ رنگ و صوت
یہ عالم کہ ہے زیرِ فرمانِ موت

یہ عالم، یہ بُت خانۂ چشم و گوش
جہاں زندگی ہے فقط خورد و نوش

خودی کی یہ ہے منزلِ اوّلیں
مسافر! یہ تیرا نشیمن نہیں

تری آگ اس خاک داں سے نہیں
جہاں تجھ سے ہے، تُو جہاں سے نہیں

خودی کے ارتقائی مراحل

اقبال نے خودی کی پختگی اور اس کی معراج کے لیے تین اہم مراحل بیان کیے ہیں، جن پر عمل کیے بغیر کوئی بھی انسان اپنی عظمتِ رفتہ کو حاصل نہیں کر سکتا:

 اطاعتِ الٰہی: خودی کا پہلا زینہ قانونِ خداوندی کی مکمل فرماں برداری ہے۔ جس طرح کائنات کا ہر ذرہ ایک خاص قانون کے تحت اپنی منزل کی طرف گامزن ہے، اسی طرح انسان کو بھی اپنی زندگی کو ضابطہ اخلاق اور اعلیٰ انسانی اقدار کے تابع کرنا چاہیے۔

ضبطِ نفس: دوسرا مرحلہ اپنے نفسِ امارہ اور دنیاوی خواہشات پر غلبہ پانا ہے۔ جب تک انسان اپنی خواہشات کا غلام رہے گا، وہ کبھی آزادانہ سوچ اور بلند ہمتی کا مظاہرہ نہیں کر سکے گا۔ خودی کی تربیت کے لیے ضروری ہے کہ انسان اپنے جذبات اور ضروریات کو عقل اور دین کے ترازو میں تولنا سیکھے۔

 نیابتِ الٰہی: یہ وہ مقام ہے جہاں انسان کی خودی اتنی طاقت ور ہو جاتی ہے کہ وہ زمین پر اللہ کا سچا خلیفہ اور نمائندہ بن جاتا ہے۔ اس مقام پر پہنچ کر انسان کے ارادے خدا کی مرضی کے مطابق ہو جاتے ہیں اور وہ کائنات کے تسخیر کا اہل قرار پاتا ہے۔

خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پُوچھے، بتا تیری رضا کیا ہے

عشق اور خودی کا رشتہ

اقبال کے نزدیک خودی کو زندہ رکھنے اور اسے جلا بخشنے کے لیے “عشق” بنیادی محرک ہے۔ یہاں عشق سے مراد محض جذباتیت نہیں بلکہ وہ جنون، یقینِ محکم اور مقصد سے لگاؤ ہے جو انسان کو تھکنے نہیں دیتا۔ عشق ہی وہ قوت ہے جو خودی کے اندر عاجزی اور انکساری کے ساتھ ساتھ بے پناہ ہمت پیدا کرتی ہے۔ بغیر عشق کے خودی محض ایک منطقی بحث بن کر رہ جاتی ہے، لیکن عشق کے ساتھ مل کر یہ ایک ایسی شمشیر بن جاتی ہے جو باطل کے تمام پردوں کو چاک کر دیتی ہے۔

نہ تُو زمیں کے لیے ہے نہ آسماں کے لیے
جہاں ہے تیرے لیے، تُو نہیں جہاں کے لیے

یہ عقل و دِل ہیں شرر شُعلۂ محبّت کے
وہ خار و خَس کے لیے ہے، یہ نیستاں کے لیے

مقامِ پروَرشِ آہ و نالہ ہے یہ چمن
نہ سیرِ گُل کے لیے ہے نہ آشیاں کے لیے

رہے گا راوی و نیل و فرات میں کب تک
ترا سفینہ کہ ہے بحرِ بے کراں کے لیے!

شاہین: خودی کی عملی علامت

اقبال نے اپنی شاعری میں “شاہین” کو خودی کی ایک استعاراتی علامت کے طور پر پیش کیا ہے۔ وہ نوجوانوں کو شاہین بننے کی تلقین کرتے ہیں کیوں کہ شاہین کی پرواز بلند ہے، اس کی نظر دور رس ہے، وہ دوسروں کا کیا ہوا شکار نہیں کھاتا اور اپنا آشیانہ بنانے کی بجائے ہمہ وقت حرکت و عمل میں رہتا ہے۔ بیدار خودی کا حامل انسان بھی شاہین کی طرح پست مقاصد اور عارضی سکون کو ٹھکرا کر نئی دنیاؤں کی تلاش میں رہتا ہے۔

تو شاہیں ہے، پرواز ہے کام تیرا

 تیرے سامنے آسماں اور بھی ہیں

فلسفہِ خودی اور دورِ حاضر

آج کا انسان نفسیاتی الجھنوں، احساسِ کمتری اور فکری غلامی کا شکار ہے۔ ہم ٹیکنالوجی کے دور میں تو جی رہے ہیں لیکن روحانی طور پر کھوکھلے ہوتے جا رہے ہیں۔ اقبال کا فلسفہ ہمیں سکھاتا ہے کہ کامیابی کا راز دوسروں کی نقالی میں نہیں بلکہ اپنی انفرادیت کو نکھارنے میں ہے۔ جب انسان اپنی خودی کو پہچان لیتا ہے، تو وہ دنیا کی رنگینیوں میں گم ہونے کی بجائے اپنی منزل خود متعین کرتا ہے۔ یہ فلسفہ ہمیں خود انحصاری، عزتِ نفس اور جراتِ اظہار کا سبق دیتا ہے۔

اپنے من میں ڈوب کر پا جا سراغِ زندگی

تو اگر میرا نہیں بنتا نہ بن، اپنا تو بن

حاصلِ بحث

علامہ اقبال کا پیغامِ خودی پوری انسانیت کے لیے ایک مشعلِ راہ ہے۔ یہ ہمیں اپنی حقیقت سے آگاہ کرتا ہے اور یہ یقین دلاتا ہے کہ اگر انسان اپنے نفس کو پہچان لے اور اپنی صلاحیتوں کو اللہ کی رضا کے لیے وقف کر دے، تو وہ کائنات کی ہر شے کو مسخر کر سکتا ہے۔ خودی کی بلندی ہی وہ واحد راستہ ہے جس پر چل کر ہم ایک مثالی معاشرہ اور مضبوط قوم تشکیل دے سکتے ہیں۔

Leave a Comment