خوشی کیا ہے؟ (فلسفے کی روشنی میں)

خوشی کیا ہے؟ (فلسفے کی روشنی میں) خوشی انسانی زندگی کی بنیادی خواہشوں میں شامل ہے، لیکن اس کے مفہوم پر اتفاق آسان نہیں۔ کسی کے لیے کامیابی خوشی ہے، کسی کے لیے محبت اور کسی کے لیے پُرسکون زندگی۔ ایک لمحے کی مسرت اور اپنی پوری زندگی سے مطمئن ہونے میں بھی فرق ہے۔ فلسفہ اسی فرق کو جانچتے ہوئے پوچھتا ہےکہ کیا خوشی اچھا محسوس کرنے کا نام ہے یا اچھی زندگی گزارنے کا؟ کیا لذت، اخلاق اور مقصد ایک ہی سمت لے جاتے ہیں؟ ان سوالات کے مختلف جواب خوشی کے فلسفیانہ تصورات کو تشکیل دیتے ہیں۔

فلسفیانہ مباحث میں خوشی کو عموماً لذت، زندگی سے اطمینان یا مجموعی جذباتی کیفیت کے طور پر سمجھا جاتا ہے۔ لذت کا نظریہ خوش گوار تجربات پر زور دیتا ہے۔ اطمینان کا نظریہ یہ دیکھتا ہے کہ انسان اپنی زندگی کا مجموعی جائزہ کیسے لیتا ہے۔ جذباتی کیفیت کے نظریات میں سکون، بشاشت اور اندرونی بے چینی جیسے نسبتاً گہرے پہلو اہم ہوتے ہیں۔ اس لیے کسی لمحے اداس ہونا لازماً پوری زندگی سے ناخوش ہونے کے برابر نہیں۔ اسی طرح مسکراتا ہوا چہرہ کسی کی مجموعی کیفیت کا مکمل ثبوت نہیں۔ارسطو کے ہاں خوشی کے لیے استعمال ہونے والا تصور، یودائیمونیا، انسانی فلاح اور زندگی کے پھلنے پھولنے سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ ایک وقتی احساس کے بجائے پوری زندگی میں فضیلت کے مطابق سرگرم رہنے کا سوال ہے۔ انصاف، اعتدال اور عملی حکمت اس میں اہم ہیں۔ ارسطو لذت کو رد نہیں کرتے بل کہ  وہ اس کی قدر کو اس سرگرمی سے وابستہ کرتے ہیں جس کے ساتھ وہ پیدا ہوتی ہے۔ ان کے نزدیک غور و فکر کی زندگی کو خاص مرتبہ حاصل ہے، جب کہ دوستی اور مناسب بیرونی حالات بھی اچھی زندگی میں اہم کردار رکھتے ہیں۔

ایپی کیورس لذت کو بنیادی بھلائی سمجھتے ہیں، مگر ان کا تصور بے لگام عیش پسندی سے مختلف ہے۔ وہ جسمانی درد اور ذہنی اضطراب سے آزادی کو نمایاں اہمیت دیتے ہیں۔ بعض خواہشات پوری ہونے کے باوجود مزید بے چینی پیدا کرتی ہیں۔ اس لیے ہر خواہش کے پیچھے چلنا دانش مندی نہیں۔ سادہ ضروریات، دوستی اور غیرضروری خوف سے نجات ان کے فلسفے میں اہم ہیں۔ اس زاویے سے خوشی کے لیے یہ جانچنا ضروری ہے کہ کون سی خواہش زندگی کو سہارا دیتی اور کون سی مسلسل محتاجی پیدا کرتی ہے۔جان اسٹورٹ مل کی افادیت پسندی میں خوشی اور تکلیف سے آزادی اخلاقی اہمیت رکھتے ہیں۔ تاہم وہ لذتوں میں مقدار کے ساتھ معیار کا فرق بھی تسلیم کرتے ہیں۔ علم، تخیل، احساس اور اخلاقی شعور سے متعلق مسرتوں کو وہ بلند قدر دیتے ہیں۔ ان کے نزدیک انسانی بھلائی کو محض زیادہ خوش گوار احساسات جمع کرنے تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ مزید یہ کہ اخلاقی فیصلے میں صرف اپنی خوشی کافی نہیں ہوتی  بل کہ  دوسروں کی خوشی بھی اہم ہے۔ اس طرح مسرت کا سوال انصاف اور اجتماعی فلاح سے جڑ جاتا ہے۔

ایک طالب علم مشکل مطالعے میں تھکن محسوس کر سکتا ہے، مگر اپنی پیش رفت کو قابلِ قدر سمجھتا ہے۔ کسی بیمار عزیز کی دیکھ بھال بھی مشقت کے باوجود محبت اور ذمہ داری کا اظہار ہو سکتی ہے۔ یہ مثالیں ظاہر کرتی ہیں کہ فوری خوش گواری اور زندگی کی معنویت الگ پہلو ہیں۔ اس سے یہ نتیجہ اخذ نہیں ہوتا کہ تکلیف بذاتِ خود اچھی ہے بل کہ  سوال یہ ہے کہ کسی مشقت کی وجہ، نتائج اور ہماری اقدار سے اس کا تعلق کیا ہے۔اپنی توقعات اور ترجیحات پر غور مفید ہو سکتا ہے، لیکن خوشی کو مکمل طور پر انفرادی سوچ کا نتیجہ قرار دینا غیرمنصفانہ ہے۔ ارسطو بھی اچھی زندگی میں بیرونی حالات کی اہمیت تسلیم کرتے ہیں۔ غربت، عدم تحفظ یا ناانصافی کا سامنا کرنے والے شخص سے محض رویہ بدلنے کا مطالبہ اس کے حالات کو نظرانداز کرتا ہے۔ خوشی پر سنجیدہ گفت گو میں ذاتی کوشش کے ساتھ ایسے معاشرتی حالات بھی زیرِ غور آنے چاہییں جن میں باوقار زندگی ممکن ہو۔ان فلسفیانہ زاویوں کو سامنے رکھ کر ہم اپنی ترجیحات جانچ سکتے ہیں کہ  کون سی خوشی عارضی ہے، کون سا تعلق قابلِ قدر، اور کون سا مقصد محنت کے لائق؟ خوشی کی تلاش میں یہ سوال بھی شامل رہنا چاہیے کہ ہم اپنی زندگی سے کیا حاصل کرتے اور دوسروں کی زندگی میں کیا اضافہ کرتے ہیں۔

قرآنی تناظر میں خوشی ایک قابلِ قدر انسانی کیفیت ہے، جس کی سمت اور بنیاد اہم ہیں۔ سورۃ یونس کی آیت ۵۸ اللہ کے فضل اور رحمت پر خوش ہونے کی دعوت دیتی ہے اور اسے جمع کیے جانے والے مال سے بہتر قرار دیتی ہے۔ اس سے خوشی کا ایسا تصور سامنے آتا ہے جو دولت کے ساتھ محدود نہیں بل کہ ہدایت اور رحمت کی قدر پہچاننے سے وابستہ ہے۔ سورۃ الرعد کی آیت ۲۸ ذکرِ الٰہی کو دلوں کے اطمینان سے جوڑتی ہے۔ یہاں قلبی اطمینان کو ہر لمحے جوش یا مسرت محسوس کرنے کے برابر نہیں سمجھنا چاہیے۔  اسے خدا سے تعلق اور اعتماد کی روحانی کیفیت کے طور پر بھی سمجھا جا سکتا ہے۔ دنیاوی زندگی بھی اس تصور میں اپنی اہمیت رکھتی ہے۔ سورۃ القصص کی آیت ۷۷ آخرت کی طلب کے ساتھ دنیا کے حصے کو نہ بھولنے، احسان کرنے اور فساد سے بچنے کی تعلیم دیتی ہے۔ یوں خوشی کی تلاش، اخلاقی ذمہ داری اور دوسروں کی بھلائی کے ساتھ وابستہ رہتی ہے۔

علامہ اقبال ؒ  کی فکر میں خوشی کو سمجھنے کے لیے خودی، آزادی اور عمل کے تصورات اہم ہیں۔ وہ شخصیت کو تجربے اور عمل سے تشکیل پانے والی حقیقت سمجھتے ہیں۔ ان کے ہاں بامقصد کوشش اور اپنی و دوسروں کی خودی کا احترام شخصیت کی نشوونما میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس فکر سے یہ تعبیر اخذ کی جا سکتی ہے کہ گہری مسرت اپنی صلاحیتوں کو بامعنی کام میں استعمال کرنے، ذمہ داری قبول کرنے اور زندگی میں تخلیقی حصہ لینے سے بھی وابستہ ہے۔ اقبال آخروی زندگی کو بھی مسلسل انکشاف اور فعالیت کے تناظر میں دیکھتے ہیں۔  ان کی جنت کی تعبیر محض بے عملی پر قائم نہیں۔ یہ ان کی مخصوص فلسفیانہ تشریح ہے۔ اس زاویے سے خوشی زندگی کی مشکلات کے ختم ہو جانے کی منتظر کیفیت کے بجائے مقصد، تعلق اور نشوونما کے ساتھ پیدا ہونے والا اطمینان ہو سکتی ہے۔

خوشی کو لذت، بامقصد زندگی اور قلبی اطمینان کے مختلف زاویوں سے سمجھنے کے بعد ذہنی صحت کا سوال بھی اہم ہو جاتا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق ذہنی صحت ایسی نفسیاتی بہبود ہے جو انسان کو زندگی کے دباؤ کا سامنا کرنے، اپنی صلاحیتیں استعمال کرنے، سیکھنے، کام کرنے اور معاشرے میں حصہ لینے کے قابل بناتی ہے۔ اس تعریف سے واضح ہوتا ہے کہ ذہنی صحت کو ہر وقت خوش رہنے کے برابر نہیں سمجھنا چاہیے۔ ایک انسان اداسی، غم یا پریشانی محسوس کرتے ہوئے بھی اپنی زندگی سے بامعنی تعلق برقرار رکھ سکتا ہے۔یہ فرق ہمیں مسلسل خوش رہنے کے غیرحقیقی مطالبے سے بھی بچاتا ہے۔ اپنے مشکل جذبات کو سمجھنا اور ضرورت کے وقت سہارا قبول کرنا زندگی کی دیکھ بھال کا حصہ ہے۔ البتہ مسلسل اداسی یا پسندیدہ سرگرمیوں میں دلچسپی اور لطف کی نمایاں کمی، خصوصاً جب نیند، توانائی، توجہ اور روزمرہ زندگی بھی متاثر ہوں، ڈپریشن کی علامت ہو سکتی ہے۔ ایسی علامات عموماً کم از کم دو ہفتے، تقریباً روزانہ اور دن کے بیشتر حصے میں موجود رہتی ہیں۔ تشخیص کے لیے پیشہ ورانہ جائزہ ضروری ہے۔ تکلیف شدید ہو تو مدد لینے کے لیے دو ہفتے انتظار کرنا لازم نہیں۔ ڈپریشن کے مؤثر علاج موجود ہیں۔

اس مقام پر فلسفیانہ اور روحانی گفت گو کی اہمیت اور حدود، دونوں سمجھ آتی ہیں۔ مقصد پر غور، دعا، شکر اور تعلقات انسان کو سہارا دے سکتے ہیں، جب کہ ذہنی عارضے کی صورت میں مناسب نفسیاتی یا طبی نگہداشت بھی اہم ہے۔ کسی کی ناخوشی کو فوراً کمزور کردار، ناشکری یا ایمان کی کمی سے منسوب کرنا اس کے حالات اور ضروریات کو سمجھے بغیر فیصلہ کرنا ہے۔

خوشی کی تلاش میں اس لیے اپنی پسند، کردار، تعلقات، حالات اور ذہنی صحت، سب پر توجہ دینی چاہیے۔ کبھی خوشی کسی کامیابی کی مسرت ہوتی ہے، کبھی محبت بھری گفت گو، اور کبھی مشکل دن میں ملنے والا اطمینان۔ فلسفہ ہمیں ان تجربات کی قدر جانچنے اور یہ سوچنے کی دعوت دیتا ہے کہ ہم کیسی زندگی کو قابلِ قدر سمجھتے ہیں۔ ایسی زندگی میں خوشی کے لیے جگہ ہوتی ہے اور غم کے وقت ہمدردی اور مدد کے لیے بھی۔مگر سچ یہ ہے کہ انسان فطری طور خوش، پرسکون اور بے خوف ہوتا مگر انسان کی سوچ اسے ان چیزوں سے محروم کر سکتی ہے۔ اس لیے خوشی کی تلاش چھوڑ دیں، جو ہے اس پر اطمینان رکھیں، با مقصد زندگی جیئیں اور غیر ضرور سوچوں سے بچیں۔ اپنا آج بہتر کیجئے، خوشی خود بخود آجائے گی چوں کہ خوشی آپ کے اندر موجود اس کیفیت کا نام ہے جو آپ کو موجودہ لمحے میں رکھ کر اس سے لطف اندوز ہونے سے ملتی ہے۔جزاک اللہ!

آپ کے نزدیک خوشی کا سب سے گہرا ذریعہ کیا ہے: سکون، محبت، کامیابی، خدمت یا بامقصد زندگی؟ اپنا جواب کمنٹ میں ضرور لکھیں۔

Leave a Comment