دجال کون ہے؟

دجال کون ہے؟  اور وہ لوگوں کو کیسے گمراہ کرے گا؟ نبی آخرالزمانﷺ کے احوال اور احادیثِ مبارکہ میں دجال کا ذکر قیامت کی سب سے بڑی اور ہولناک نشانیوں میں کیا گیا ہے، جسے “المسیح الدجال” یعنی فتنہ پھیلانے والا جھوٹا مسیح کہا گیا ہے۔ دجال کے لغوی معنی جھوٹ، فریب اور مک کاری کے ہیں۔ یہ وہ عظیم فتنہ ہوگا جو قیامت کے قریب ظاہر ہوکر انسانوں، بالخصوص مسلمانوں کو سخت ترین آزمائش میں مبتلا کرے گا۔ احادیث سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ دجال پہلے نبوت اور پھر خدائی کا جھوٹا دعویٰ کرے گا، اور اپنے شیطانی کرشموں کے ذریعے لوگوں کو حق کے راستے سے ہٹانے کی کوشش کرے گا۔ اس کے پاس بظاہر ایسی طاقتیں ہوں گی کہ وہ اپنی مرضی سے بارشیں برسا سکے گا، خشک سالی اور قحط کے دور میں لوگوں کو آزمائش میں ڈالے گا، اور کسی شخص کو مار کر زندہ کرنے کا فریب دکھائے گا، جس سے کم زور ایمان والے دھوکہ کھا سکتے ہیں۔

احادیث مبارکہ میں دجال کی جسمانی شناخت اور علامات بڑی صریح بتائی گئی ہیں تاکہ اہلِ ایمان اسے آسانی سے پہچان سکیں۔ اس کی ایک آنکھ کانی اور دوسری آنکھ خون آلود ہوگی، اور اس کی چوڑی پیشانی پر ’’ کافر‘‘ لکھا ہوگا جسے صرف ایک سچا اور باایمان مومن ہی پڑھ سکے گا اور فوراً جان لے گا کہ یہ جھوٹا شخص ہے۔ روایات کے مطابق دجال مشرق کی جانب سے ظاہر ہوگا، جہاں اس کے آنے سے پہلے تین سال تک شدید قحط اور انتہائی بدتر حالات گزر چکے ہوں گے۔ وہ ایک عجیب و غریب سواری (گدھے ) پر سوار ہو کر دنیا کا سفر کرے گا جس کا ہر ایک قدم ایک میل کے فاصلے کے برابر ہوگا، اور وہ پل بھر میں پوری دنیا کا چکر کاٹ لے گا۔ تاہم، اس کی طاقتیں محدود ہوں گی؛ وہ با برکت مقامات جیسے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے اندر داخل نہیں ہو سکے گا، البتہ جب وہ باہر پڑاؤ ڈالے گا تو وہاں زلزلے کے شدید جھٹکے آئیں گے جس سے شہروں میں موجود منافقین خوف زدہ ہو کر اس کی طرف بھاگ نکلیں گے، اور اس طرح مدینہ اور مکہ منافقین سے پاک ہو جائیں گے۔
آخری زمانے میں ’’دجال ‘‘کے اس فتنہ سے بچنے کے لیے اہلِ ایمان کو کڑی آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑے گا کیوں کہ اس کے پاس آزمائش کے طور پر روٹیوں کے پہاڑ اور دو نہریں ہوں گی، جن میں سے وہ جنت نما نہر کو دوزخ اور دوزخ نما نہر کو جنت کہے گا۔ سچے مومنین اس سے بچنے کے لیے پہاڑوں میں پناہ لیں گے، یہاں تک کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا نزول ہوگا۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے ظاہر ہوتے ہی دجال خوف زدہ ہو جائے گا اور ان کے سامنے اس کی کوئی حیثیت نہیں رہے گی، اور آخرکار حضرت عیسیٰ علیہ السلام اسے قتل کر دیں گے۔ اس طرح دجال کا یہ فتنہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا اور حق کی فتح ہوگی۔

Leave a Comment