خوش رہنے کاصرف ایک سنہری اصول

خوش رہنے کاصرف ایک سنہری اصول

سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کی دنیا میں اگر آپ ’’ خوش رہنے کا طریقہ‘‘  تلاش کریں تو مضامین اور ویڈیوز کی ایک طویل فہرست سامنے آ جاتی ہے۔ کہیں لکھا ہوتا ہے ’ خوش رہنے کے 10 بہترین طریقے‘ تو کہیں ’ مسرت سے زندگی گزارنے کے 50 اصول‘۔لیکن ذرا ٹھنڈے دل سے سوچیں! کیا یہ تمام طریقے پڑھنے اور جاننے کے بعد واقعی ہم خوش رہ پاتے ہیں؟

 حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ ان بے شمار فارمولوں اور قواعد کو جاننے کے بعد انسان ایک نئی الجھن اور ذہنی تناؤ کا شکار ہو جاتا ہے، کیوں کہ ان سب پر ایک ساتھ عمل کرنا ممکن ہی نہیں ہوتا۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ انسان مزید پریشان ہو جاتا ہے کہ ’’ آخر میں خوش کیوں نہیں رہ پا رہا؟‘‘

جب ہم خوشی کو ایک مقصد بنا کر اس کے پیچھے بھاگنا شروع کرتے ہیں، تو ہم خود کو یہ باور کروا رہے ہوتے ہیں کہ ہم اس وقت خوش نہیں ہیں۔ خوش رہنے کے طریقے ڈھونڈنا اور ان کے پیچھے سرگرداں رہنا دراصل ذہنی بے سکونی کو دعوت دیتا ہے۔

تو پھر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ خوش رہنے کا حقیقی طریقہ کیا ہے؟

اس کا جواب انتہائی سادہ اور گہرا ہے: خوش رہنے کے لیے خوشی کی تلاش اور کوشش چھوڑ دیں۔

بچپن میں جب ہم کسی کھلونے یا بات کے لیے ضد کرتے تھے اور والدین کی طرف سے ڈانٹ پڑتی تھی، تو اس وقت ہمیں لمحہ بھر کے لیے برا ضرور لگتا تھا۔ لیکن کچھ ہی دیر بعد ہم سب کچھ بھول کر دوبارہ ہنسنے کھیلنے میں مگن ہو جاتے تھے۔

ایسا کیوں ہوتا تھا؟

کیا بچپن میں مسائل نہیں تھے؟

اس کی وجہ یہ ہے کہ انسان فطری طور پر   ایک خوش باش مخلوق ہے۔ بچپن میں ہم نہ ماضی کی تلخیوں کو دل سے لگاتے تھے اور نہ مستقبل کے خدشات میں گھلتے تھے۔ ہم حالات کو پکڑ کر رکھنے کی بجائے انھیں گزرنے دیتے تھے۔

پس یاد رکھیں ہماری زندگی میں درحقیقت اتنے مسائل نہیں ہوتے جتنے ہم اپنی سوچ سے تراش لیتے ہیں۔ جب آپ خوشی کے پیچھے بھاگنا بند کر دیں گے ، غیر ضروری سوچنا چھوڑ دیں گے، ہر وقت خوش رہنے کی سائنسی و نفسیاتی ترکیبیں ڈھونڈنا چھوڑ دیں گے، تو آپ محسوس کریں گے کہ مسرت اور اطمینان تو پہلے سے ہی آپ کے اندر موجود تھا۔خوشی کوئی ایسی چیز نہیں جسے باہر سے حاصل کیا جائے۔ یہ آپ کا اپنا فطری وجود ہے۔ بس اس کے پیچھے بھاگنا چھوڑ دیجیے، آپ خود بخود خوش رہنے لگیں گے۔

Leave a Comment