دعا، تقدیر اور فلسفہ ؟ انسانی فکر کے قدیم ترین سوالوں میں سے ایک سوال یہ ہے کہ اگر ہر واقعہ پہلے سے طے ہے تو دعا مانگنے کا کیا فائدہ؟ اور اگر دعا سے کچھ بدل سکتا ہے تو تقدیر کی حیثیت کیا رہ جاتی ہے؟ یہ سوال صرف مذہبی نہیں بل کہ فلسفیانہ بھی ہے، کیوں کہ اس کا تعلق جبر و اختیار، علت و معلول اور خدا کے علم و ارادے سے ہے۔

قرآنِ مجید میں دونوں باتیں ساتھ ساتھ ملتی ہیں۔ ایک طرف فرمایا گیا کہ ہم نے ہر چیز ایک اندازے کے ساتھ پیدا کی (القمر: 49)، اور دوسری طرف دعا کی ترغیب دی گئی: ’’میں قریب ہوں، پکارنے والے کی پکار سنتا ہوں‘‘ (البقرہ: 186) اور ’’مجھ سے مانگو، میں قبول کروں گا‘‘ (غافر: 60)۔ سورۃ الرعد (آیت 39) میں ہے کہ اللہ جو چاہے مٹا دیتا ہے اور جو چاہے برقرار رکھتا ہے، اور اصل کتاب اسی کے پاس ہے۔ یعنی خود کاتب وحی نے تقدیر اور دعا کو ایک دوسرے کا مخالف نہیں بنایا۔
مسلم مفکرین نے اس مسئلے پر طویل بحثیں کیں ہیں ۔ معتزلہ نے انسانی اختیار پر زور دیا، اشاعرہ نے ’’ کسب‘‘ کا نظریہ پیش کیا اور ماتریدیہ نے انسانی ارادے کو زیادہ جگہ دی۔ امام غزالیؒ نے احیاء العلوم کی کتاب الاذکار والدعوات میں یہ نکتہ اٹھایا کہ تقدیر اسباب کی نفی نہیں کرتی۔ جیسے ڈھال تیر کو روکنے کا سبب ہے، ویسے ہی دعا بھی اللہ کے مقرر کردہ اسباب میں سے ایک سبب ہے۔ ابنِ قیمؒ نے الجواب الکافی میں لکھا کہ دعا اور آنے والی مصیبت آپس میں کشتی لڑتی ہیں اور جو زیادہ طا قت ور ہو وہ غالب آتی ہے۔ ترمذی کی ایک روایت ’’دعا کے سوا کوئی چیز قضا کو نہیں ٹالتی‘‘ کو بھی اسی تناظر میں سمجھا جاتا ہے، اگرچہ محدثین کے درمیان اس کی سند پر اختلاف ہے۔ علما عموماً ’’ تقدیرِ مبرم‘‘ اور “تقدیرِ معلق‘‘ میں فرق کرتے ہیں۔ معلق وہ ہے جو شرط کے ساتھ بندھی ہو، اور دعا اس شرط کا حصہ بن سکتی ہے۔
علامہ اقبالؒ نے اس موضوع کو جدید فلسفے کی روشنی میں دیکھا۔ ’’ تشکیلِ جدید الہیاتِ اسلامیہ‘‘ کے تیسرے خطبے میں وہ دعا کو محض فریاد نہیں سمجھتے بل کہ خودی کا حقیقتِ مطلق سے زندہ رابطہ قرار دیتے ہیں۔ تقدیر کے بارے میں ان کا موقف یہ ہے کہ یہ کوئی بیرونی زنجیر نہیں بل کہ کسی شے کے اندرونی امکانات کا نام ہے۔ ان کے الفاظ کا مفہوم یہ ہے کہ تقدیر وہ زمانہ ہے جسے اس کے امکانات کے ظہور سے پہلے دیکھا جائے۔ اسی لیے وہ اس تصورِ تقدیر کے سخت ناقد ہیں جو انسان کو بے عمل بنا دے۔ ان کا مشہور شعر اِسی فکر کاعملی خلاصہ ہے
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے، بتا تیری رضا کیا ہے
مغربی فلسفے میں اسپینوزا جیسے مفکرین نے کائنات کو سخت جبر کے تحت دیکھا، جہاں دعا کی گنجائش کم رہ جاتی ہے۔ کانٹ نے اخلاقی ذمہ داری کی بنیاد پر آزادیٔ ارادہ کو ضروری مانا۔ ولیم جیمز نے اپنی مشہور کتاب ’’ مذہبی تجربے کی اقسام‘‘ میں دعا کو مذہب کی روح قرار دیا اور اسے انسانی تجربے کی ایک حقیقی قوت کے طور پر دیکھا۔ جدید سائنسی تحقیق کا نقشہ ملا جلا ہے۔ ہیرالڈ کوینگ جیسے محققین کے مطالعات میں دعا اور عبادت کا تعلق ذہنی سکون اور مشکلات سے نمٹنے کی صلاحیت سے جوڑا گیا ہے۔ البتہ ۲۰۰۶ء کے ایک مشہور تجربے(گریٹ پرئیر ایکسپیرمنٹ) میں، جس میں دور بیٹھے لوگوں کی دعا کا اثر دل کے مریضوں پر جانچا گیا، کوئی واضح طبی فائدہ نہیں ملا۔ یہ نتیجہ دعا کو رد نہیں کرتا، کیوں کہ دعا کی حقیقت تجربہ گاہ کی پیمائش سے بڑی چیز ہے، مگر یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دعا کو جادو کی طرح نتیجہ دینے والا نسخہ نہیں سمجھنا چاہیے۔
اس بحث کا حاصل یہ ہے کہ دعا اور تقدیر میں تصادم اسی وقت پیدا ہوتا ہے جب ہم تقدیر کو اندھی مجبوری اور دعا کو سودے بازی سمجھ لیں۔ اگر تقدیر اللہ کے علم اور حکمت کا نام ہے اور دعا بندے کی عاجزی، امید اور عمل کی تجدید ہے، تو دونوں ایک ہی نظامِ معنی کے دو رُخ ہیں۔ دعا ہمیں بے عملی نہیں سکھاتی بل کہ کوشش کی سمت اور حوصلہ دیتی ہے۔ اگر مراد پوری ہو جائے تو شکر اور نہ ہو تو یہ یقین کہ حکمت ہمارے فہم سے آگے بھی ہو سکتی ہے۔
آخر میں بات یہ ہے کہ دعا کا سب سے بڑا فلسفیانہ جواب شاید یہی ہے کہ انسان کائنات کے سامنے خاموش تماشائی نہیں، مخاطب ہے۔ وہ پکار سکتا ہے، امید رکھ سکتا ہے اور اپنی خودی کو سنوار سکتا ہے۔ تقدیر اس کی حد بتاتی ہے اور دعا اس کی نسبت اور دونوں مل کر انسان کو اس کے رب سے جوڑ دیتی ہیں۔ آپ کا دعا اور تقدیر سے متعلق کیا فلسفہ ہے ، کمنٹ میں ضرور بتائیے۔