ظلم، جبر اور بربریت میں کیا فرق ہے؟روزمرہ کی گفت گو میں ہم ظلم، جبر اور بربریت جیسے الفاظ کو اکثر ایک ہی معنوں میں استعمال کر تے ہیں، لیکن انسانی رویوں اور اخلاقیات کے نقطہ نظر سے ان کے درمیان واضح اور گہرا فرق پایا جاتا ہے۔
ظلم کا بنیادی مطلب ناانصافی ہے، یعنی کسی انسان کو اس کے حق سے محروم کر دینا یا کسی چیز کو اس کی اصل سے ہٹا دینا ظلم کہلاتا ہے۔ ظلم کے لیے یہ ضروری نہیں کہ وہ کھلم کھلا یا زبردستی کیا جائے؛ بعض اوقات انسان کو علم بھی نہیں ہوتا اور اس کا حق مار لیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر، جب آپ کسی ملازمت کے لیے درخواست دیتے ہیں اور آپ کی جگہ کسی اور کو غیر شفاف طریقے سے منتخب کر لیا جائے، تو آپ کو یہی لگتا ہے کہ شاید آپ نااہل تھے، حالاں کہ درحقیقت آپ کے ساتھ ظلم ہو چکا ہوتا ہے اور آپ کا حق مارا جا چکا ہوتا ہے۔
جبر، ظلم سے ایک قدم آگے کا درجہ ہے جس کا تعلق براہِ راست زبردستی اور مجبوری سے ہے۔ جبر میں انسان کے ساتھ ناانصافی کی جاتی ہے لیکن زور زبردستی کے ساتھ، جہاں متاثرہ شخص کو معلوم ہوتا ہے کہ اس کے ساتھ زيادتی ہو رہی، اس کا حق کھایا جا رہا ہے، مگر وہ حالات کے سامنے بے بس ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر کوئی ڈاکو بندوق دکھا کر آپ سے آپ کی اشیاء چھین لے، تو آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ آپ کا حق چھینا جا رہا ہے، مگر خوف اور مجبوری کی حالت میں آپ سب کچھ دینے پر مجبور ہوتے ہیں۔ پس، جب کسی کو باندھ کر، ڈرا دھمکا کر یا حالات کے تحت مجبور کر کے اس کا حق چھینا جائے تو اسے جبر کہا جاتا ہے۔
بربریت ان تمام حدود سے تجاوز کر جانے کا نام ہے اور یہ ظلم و جبر کا شدید ترین درجہ ہے۔ بربریت محض حق چھیننے یا زبردستی کرنے تک محدود نہیں رہتی، بل کہ اس میں غیر انسانی سلوک اور بے رحمی شامل ہو جاتی ہے۔ اس مرحلے پر انسان کے ساتھ صرف ناانصافی نہیں کی جاتی بل کہ اسے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، مارا پیٹا جاتا ہے اور اس کے ساتھ ایسا سلوک کیا جاتا ہے جو انسانیت کے منافی ہے۔ خلاصہ یہ کہ ظلم خاموش ناانصافی ہے، جبر زبردستی کی گئی ناانصافی ہے، اور بربریت وہ درجہ ہے جہاں جبر حد سے بڑھ کر وحشیانہ اور غیر انسانی تشدد کا روپ دھار لیتا ہے۔