فلسفے کی اہم شاخیں ؟

فلسفے کی اہم شاخیں ؟ لفظ ’’فلسفہ‘‘  یونانی لفظ ’’فیلوسوفیا‘‘  سے ماخوذ ہے جس کا مطلب ہے ’حکمت سے محبت‘۔ فلسفہ انسان کے ان بنیادی سوالات کا منظم اور عقلی جائزہ لیتا ہے جن کا تعلق وجود، علم، اخلاق اور حسن سے ہے۔ قدیم یونان میں افلاطون اور ارسطو کے ہاں تمام علوم فلسفے ہی کے دائرے میں شمار ہوتے تھے۔ وقت کے ساتھ علم پھیلا تو طبیعیات، نفسیات اور سماجیات الگ شعبے بنتے گئے، مگر فلسفہ اپنی بنیادی شاخوں کے ذریعے آج بھی ہر علم کی فکری بنیادوں کو پرکھتا ہے۔ ان میں مابعدالطبیعیات، علمیات، منطق، اخلاقیات اور جمالیات کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

سب سے پہلی شاخ مابعدالطبیعیات ہے، جو حقیقت کی نوعیت پر غور کرتی ہے۔ یہ پوچھتی ہے کہ وجود کیا ہے؟   کائنات کی اصل کیا ہے،؟مادہ اور روح کا باہمی تعلق کیا ہے؟ اور کیا انسان آزاد ہے یا جبر کا پابند۔؟ یہ اصطلاح ارسطو کی کتابوں کی ترتیب سے نکلی، جن میں طبیعیات کے بعد وجود کے بنیادی مباحث رکھے گئے تھے۔ اسلامی روایت میں فارابی، ابن سینا اور ملا صدرا نے وجود اور ماہیت کے مباحث کو نئی گہرائی دی، جب کہ جدید دور میں ڈیکارٹ نے ذہن اور جسم کی دوئی کا مشہور نظریہ پیش کیا۔

دوسری شاخ علمیات ہے، جو علم کے ذرائع، حدود اور صداقت سے بحث کرتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ ہم کیا جان سکتے ہیں ؟ کیسے جانتے ہیں؟ جدید فلسفے میں اس پر دو بڑے مکاتبِ فکر سامنے آئے۔ عقلیت پسندوں، جیسے ڈیکارٹ اور اسپینوزا، کے نزدیک علم کا اصل منبع عقل ہے، جب کہ تجربیت پسندوں، جیسے لاک اور ہیوم، کے مطابق علم تجربے اور حواس سے حاصل ہوتا ہے۔ ان دونوں کے درمیان امانویل کانٹ نے ایک امتزاجی راہ نکالی اور بتایا کہ علم میں تجربہ اور عقل کے پیشگی ڈھانچے دونوں شامل ہوتے ہیں۔

تیسری شاخ منطق ہے، جو درست استدلال کے اصولوں کا مطالعہ کرتی ہے۔ ارسطو کو منطق کا بانی مانا جاتا ہے، جنھوں نے قیاس کا نظام مرتب کیا۔ منطق ہمیں سکھاتی ہے کہ کوئی دلیل کب معتبر ہے اور کب مغالطے کا شکار۔ مسلم مفکرین نے منطق کو خاص اہمیت دی اور اسے علوم کا آلہ قرار دیا۔ جدید دور میں فریگے اور رسل جیسے ماہرین نے علامتی منطق کو ترقی دی، جس نے ریاضی اور حاسوبی علوم کی بنیادوں پر گہرا اثر ڈالا۔

چوتھی اہم شاخ اخلاقیات ہے، جو خیر و شر اور صحیح و غلط کے معیار تلاش کرتی ہے۔ اس میں تین بڑے نقطۂ نظر نمایاں ہیں۔ ایک فضیلت کی اخلاقیات ہے جس کی بنیاد ارسطو نے رکھی اور جو کردار کی تعمیر پر زور دیتی ہے۔ دوسرا کانٹ کا فرضیت پر مبنی نظریہ ہے، جس کے مطابق عمل کی قدر اس کے اصول میں ہے، نتیجے میں نہیں۔ تیسرا نظریۂ افادیت ہے، جسے بینتھم اور جان اسٹیورٹ مل نے پیش کیا اور جو زیادہ سے زیادہ لوگوں کی زیادہ سے زیادہ بھلائی کو معیار بناتا ہے۔

پانچویں شاخ جمالیات ہے، جو حسن، فن اور ذوقِ سلیم کی نوعیت پر غور کرتی ہے۔ یہ سوال اٹھاتی ہے کہ حسن معروضی حقیقت ہے یا دیکھنے والے کا ذاتی احساس، اور فن کا مقصد کیا ہے۔ افلاطون نے فن کو نقل کی نقل کہا، جب کہ کانٹ نے حسن کے فیصلے کو ایک ایسا تجربہ قرار دیا جو ذاتی ہوتے ہوئے بھی عالم گیر ہونے کا دعویٰ رکھتا ہے۔

ان بنیادی شاخوں کے علاوہ فلسفے کے کئی ذیلی اور جدید شعبے بھی ہیں۔ سیاسی فلسفہ ریاست، انصاف اور اختیار کے سوالات پر غور کرتا ہے اور اس میں افلاطون کی کتاب ’’جمہوریہ‘‘  ، ہابس، لاک اور روسو کے نظریات اہم ہیں۔ فلسفۂ ذہن شعور اور ذہنی کیفیات کی حقیقت پر بحث کرتا ہے، فلسفۂ سائنس سائنسی طریقۂ کار کی بنیادیں پرکھتا ہے، فلسفۂ مذہب خدا اور ایمان کے عقلی پہلوؤں کا جائزہ لیتا ہے، اور فلسفۂ زبان معنی اور اظہار کے مسائل کو موضوع بناتا ہے۔

مجموعی طور پر فلسفے کی یہ شاخیں الگ الگ دکھائی دیتی ہیں، مگر آپس میں گہرا ربط رکھتی ہیں۔ ہماری مابعدالطبیعیاتی سوچ ہمارے نظریۂ علم کو متاثر کرتی ہے، علمیات منطق کے بغیر مضبوط نہیں ہوتی، اور اخلاقیات اور جمالیات انسان کی قدروں کی تشکیل کرتی ہیں۔ آج کے دور میں مصنوعی ذہانت، حیاتیاتی اخلاقیات اور ماحولیاتی مسائل جیسے نئے چیلنج ہمیں انھی قدیم سوالات کی طرف لوٹاتے ہیں۔ اس لیے فلسفہ محض ماضی کی علمی میراث نہیں، بل کہ سوچنے، سوال اٹھانے اور حقیقت کو گہرائی سے سمجھنے کا ایک زندہ اور ناگزیر راستہ ہے۔

آپ اس  بارے مزید کیا کہنا چاہتے، کمٹس میں ضرور بتائیے۔

Leave a Comment