یکسوئی(صرف ایک کام)

یکسوئی(صرف ایک کام) : کامیابی کی کلید

اگر آپ دو خرگوشوں کے پیچھے بھاگو گے ، تو کسی ایک کو بھی نہیں پکڑ پاؤ گے۔ایک وقت میں متعدد مقاصد حاصل کرنے کی کوشش انسانی صلاحیتوں کو بکھیر دیتی ہے۔ جب ایک شخص ایک ہی وقت میں مختلف شعبوں میں کمال حاصل کرنا چاہتا ہے، تو وہ کسی بھی ایک کام کو معیاری انداز میں مکمل نہیں کر پاتا۔ جیسے دو کشتیوں میں سوار مسافر کبھی اپنی منزل تک نہیں پہنچ پاتا، بالکل اسی طرح منتشر توجہ کے ساتھ شروع کیے گئے کام اکثر ادھورے رہ جاتے ہیں۔ حقیقی اور غیر معمولی کامیابی کے لیے لازم ہے کہ انسان اپنی تمام تر توانائیوں اور وسائل کو صرف ایک ہی اہم ہدف پر مرکوز کرے۔

قدرتی نظام اور جنگلی حیات میں بھی یکسوئی اور توجہ  ہی کامرانی کی سب سے بڑی دلیل ہے۔ مثال کے طور پر، جب ایک شکاری جانور جیسے چیتا یا عقاب اپنے شکار پر نکلتا ہے، تو اس کے سامنے سینکڑوں متبادل موجود ہوتے ہیں۔ اس کے باوجود وہ تمام دیگر آپشنز کو بالکل نظر انداز کر کے صرف ایک ہی ہدف پر اپنی توجہ جماتا ہے اور تب ہی کامیابی سے اپنا شکار حاصل کرتا ہے۔ یہی اصول انسانی زندگی، کریئر اور کاروباری مقاصد پر بھی پوری طرح لاگو ہوتا ہے۔مقصد صرف ایک اور واضح ہو تو منزل کا حصول جلد ممکن ہو سکتا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ کتاب ’’ دی ون تھنگ‘‘( صرف ایک چیز ) کے مطابق زندگی میں نمایاں مقام حاصل کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انسان اپنے میدان کو محدود کرے اور ایک وقت میں صرف ایک ہی اہم مقصد کا انتخاب کرے۔ جیسے خط کے لفافے پر لگا ڈاک کا ٹکٹ منزل تک پہنچنے تک اپنے مقام سے نہیں ہٹتا، اسی طرح انسان کو بھی اپنے چنے ہوئے مقصد کے ساتھ مکمل طور پر وابستہ ہو جانا چاہیے۔ مقاصد کی لمبی فہرست اور متعدد متبادل منصوبے اصل ہدف کو دھندلا دیتے ہیں۔ ایک مرتبہ ایک پروفیسر نے اپنے اسٹوڈنٹ سے سوال کیا ، کیا تمھیں زندگی کی حقیقت معلوم ہے؟ اسٹوڈنٹ بولا نہیں سر، آپ بتائیے؟ پرو فیسر صاحب نے جواب میں اس کی ایک انگلی کو پکڑا، اور بولے یہی زندگی کی حقیقت ہے۔ اسٹوڈنٹ حیرانی سے بولا کیا مطلب سر؟ جواب میں پروفیسر صاحب نے کہا بیٹا اس کا مطلب ہے صرف ایک چیز۔ جس طرح میں نے تمھاری انگلی کو پکڑا ہے بالکل اسی طرح تم کسی ایک چیز کو پکڑ لو، اور پھر اس میں خوب مہارت حاصل کرو۔ اس قدر اس کے ساتھ چمٹ جاؤ کہ کامیاب ہوئے بغیر اسے چھوڑو نہیں۔ اسٹوڈنٹ بولا سر وہ ایک چیز کون سی ہو گی؟ پرو فیسر صاحب بولے بیٹا! یہی تو تمھیں جاننا ہے۔ بس کوئی ایک چیز ، کوئی ایک کام، کوئی ایک شعبہ، کو ئی ایک ہنر جس کو تم کرتے ہوئے تھک تے نہیں، وہی تمھیں کامیاب تک پہنچائے گا۔ مگر تسلسل کے ساتھ کسی ایک کام کو اس طرح سے کرو کہ دنیا میں تمھارا کوئی ثانی نہ ہو۔

 اس لیے صرف ایک چیز کو اپنا  ٹارگٹ بنائیں ، اس پر پوری توجہ اور شوق سے کام کریں۔ یاد رکھیں کسی بھی شعبے میں تیزی سے آگے بڑھنے کا راز گہرائی اور تخصیص میں پوشیدہ ہے۔ چاہے آپ کا ہدف پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرنا ہو یا مالی استحکام، اپنے مقاصد کو مبہم رکھنے کے بجائے بالکل واضح اور متعین بنائیں۔ جب مقصد واضح ہو اور توجہ صرف ایک نقطے پر مرکوز ہو، تو دشوار ترین راستے بھی آسان ہو جاتے ہیں اور کامیابی یقینی بن جاتی ہے۔

Leave a Comment