خلیجی(گلف) ممالک سے کیا مراد ہے؟ سیاسی اور جغرافیاائی حقیقت
جغرافیہ، بین الاقوامی سیاست اور معیشت کی گفت گو میں ہم اکثر ”خلیجی ممالک“ یا ”گلف کنٹریز “ کی اصطلاح سنتے اور پڑھتے ہیں۔ عام طور پر لوگوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ یہ محض عرب ممالک کا ایک سیاسی و معاشی اتحاد ہے، حالاں کہ اس اصطلاح کی اصل بنیاد جغرافیائی ساخت اور خلیج (گلف) کی تعریف پر قائم ہے۔
اس کی جغرافیائی تعریف کو سمجھنے کے لیے سب سے پہلے لفظ ”خلیج“ کے معنی معلوم ہونا ضروری ہیں۔ جغرافیہ کی رو سے خلیج سمندر کے اس حصے یا پانی کی اس پٹی کو کہا جاتا ہے جس کے تین اطراف میں خشکی (زمین) ہو اور چوتھی جانب سے اس کا راستہ کھلے سمندر سے ملتا ہو۔ چناں چہ اسی کی مناسبت سے خلیجی ممالک سے مراد وہ ریاستیں ہیں جو خلیجِ فارس کے ساحل پر واقع ہیں اور جن کی جغرافیائی سرحدیں تین اطراف سے خشکی جب کہ ایک طرف سے سمندر سے متصل ہیں۔
عام اور بین الاقوامی اصطلاح میں بنیادی طور پر چھ عرب ریاستوں کو خلیجی ممالک کا حصہ شمار کیا جاتا ہے۔ ان میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، کویت، قطر، بحرین اور عمان شامل ہیں۔ یہ تمام ممالک اپنی منفرد جغرافیائی موقعیت، ساحلی پٹیوں اور تیل و گیس کے وسیع ذخائر کی بنا پر عالمی معیشت اور سیاست میں نہایت اہم اور کلیدی مقام رکھتے ہیں۔
خلاصہ کلام یہ کہ خلیجی ممالک کا نام محض کسی علاقائی یا معاشی معاہدے پر مبنی نہیں، بل کہ یہ ان تمام ریاستوں کا ایک جغرافیائی تعارف ہے جن کے تین طرف خشکی اور ایک طرف سمندری حدود واقع ہیں۔ اس باریک جغرافیائی حقیقت کو مدِ نظر رکھنا عالمی معلومات اور مطالعۂ جغرافیہ کے لیے نہایت مفید اور اہم ہے۔