فلسفہ  اور معاشرے کی تشکیل نو

فلسفہ  اور معاشرے کی تشکیل نو میں عظیم فلسفیوں کا کردار

انسان اور حیوان میں بنیادی فرق شعور، تفکر اور سوال کرنے کی صلاحیت کا ہے۔ جب سے انسان نے اس کائنات میں آنکھ کھولی ہے، اس کے ذہن میں وجود، حقیقت، اخلاقیات اور مقصدِ حیات کے حوالے سے بے شمار سوالات نے جنم لیا۔ انھی سوالات کے منطقی، عقلی اور فکری جوابات تلاش کرنے کی کاوش کا نام فلسفہ (فلاسفی)ہے۔ فلسفہ محض نظریات کا مجموعہ نہیں، بل کہ یہ انسانی ذہن کو سوچنے، سمجھنے اور تعصبات سے بالاتر ہو کر سچائی کی تلاش کا راستہ دکھاتا ہے۔

دنیا کے عظیم فلسفیوں نے ہر دور میں انسانی تہذیب، سیاست، سائنس اور اخلاقیات کو ایک نیا موڑ دیا ہے۔ اگر ہم تاریخِ فکر کا مطالعہ کریں تو چند اہم ادوار اور مفکرین نمایاں نظر آتے ہیں۔جس طرح یونانِ قدیم کو مغرب کے فکری ارتقاء کا مرکز مانا جاتا ہے۔یہاں  چند عظیم  یونانی فلاسفروں کا ذکر کرتے ہیں جن میں

سقراط :جس نے انسان کو اپنے اندر جھانکنے اور سوال کرنے کا فن سکھایا (“اپنے آپ کو پہچانو”)۔

افلاطون:  سقراط کا شاگرد تھا۔ فلسفے کو کتابوں میں منتقل کیا۔جس نے مدینۃ الفاضلہ  اور اعیان کا تصور پیش کیا۔

ارسطو:  یہ افلاطون کا شاگرد تھا۔جسے “معلمِ اول” کہا جاتا ہے، جس نے منطق، طبیعیات، اور اخلاقیات کو منظم اور سائنسی شکل دی۔

مسلم مفکرین نے یونانی فلسفے کو نہ صرف محفوظ کیا بل کہ اس میں اپنے اجتہاد اور فکری بصیرت سے انقلابی اضافہ کیا، اسلامک فلاسفی میں بڑے نام یہ ہیں۔

الفارابی اور ابنِ سینا: جنھوں نے فلسفہ ، طب اور  سائنس کا امتزاج پیش کیا۔

ابنِ رشد: جنہوں نے عقل اور مذہب کی ہم آہنگی پر زور دیا اور یورپی نشاۃ الثانیہ  کی بنیاد رکھی۔

علامہ محمد اقبالؒ: جدید دور میں فلسفۂ خودی، زماں و مکاں اور اجتہادِ فکری کے ذریعے ایشیا کے فکری جمود کو توڑا۔

 اسی طرح جدید دور میں رینے ڈیکارٹ (“میں سوچتا ہوں، اس لیے میں ہوں”)، امانوئل کانٹ، اور نئچے جیسے مفکرین نے فرد کی آزادی، عقل پسندی اور وجودیت کے نئے افق وا کیے۔فلسفہ انسان کو اندھی تقلید سے نکال کر دلیل اور منطق کی بنیاد پر سوچنا سکھاتا ہے۔کسی بھی معاشرے میں عدل، مساوات اور بنیادی حقوق کے تصورات فلسفیانہ افکار ہی کی مرہونِ منت ہیں۔یہ فرد کو اپنے وجود کا مقصد اور کائنات کے ساتھ اپنا تعلق سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔

اس لیے دنیا کے عظیم فلسفیوں کا پیغام کسی ایک دور یا قوم تک محدود نہیں ہوتا، بل کہ ان کے افکار آفاقی ہوتے ہیں۔ آج کے اس جدید اور تیز رفتار دور میں، جہاں انسان مادیت کی دوڑ میں گم ہو چکا ہے، فلسفے اور فکری مطالعے کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ان عظیم دماغوں کے تجربات اور افکار سے روشنی حاصل کریں تاکہ ایک عظیم، دانش مند اور بااعتماد معاشرہ کو تشکیل دیا جا سکے۔

Leave a Comment